• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارکنوں کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے ، عمر گورگیج

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنمائوں نے کہا ہے کہ کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں کچھ ساتھیوں کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے ، پارٹی سے نکالنے کا اختیار صرف پارٹی چیئرمین کو ہے ۔بلوچستان کے اٹھائیس اضلاع کے عہدیدار مشترکہ اجلاس میں پہلے ہی صوبائی صدر اور جنرل سیکرٹری پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں ۔یہ بات پیپلز پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر سردار عمر گورگیج ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات سربلند جوگیزئی اور پارٹی کے ضلعی رہنما خیرمحمد نے جمعرات کی شب ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔پیپلز پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر سردار عمر گورگیج نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ کوئٹہ کے موقع پرانہوں نے پارٹی کے ضلعی عہدیداروں اورنظریاتی کارکنوں کے تحفظات سے آگاہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کی شام پارٹی کے صوبائی صدر اور جنرل سیکرٹری نے پریس کانفرنس کرکے کچھ ساتھیوں کو پارٹی سے نکالا جو غیر آئینی فیصلہ ہے ، پارٹی سے نکالنے کا اختیار صرف پارٹی چیئرمین کو ہے ۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات سربلند جوگیزئی نے کہا کہ پارٹی کی صوبائی کونسل نے پہلے ہی صوبائی صدر اور جنرل سیکرٹری پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ان کے عہدوں سے برطرف کیا تھا جس کا آج باقاعدہ اعلان کرتے ہیں اور آئندہ پارٹی کے قائم قام صدر سردار محمد عمر گورگیج ہونگے ۔
کوئٹہ سے مزید