صوابی( نمائندہ جنگ ) صوابی میں طوفانی بارش کے دوران علاقہ ڈاگئی کے گائوں سپرونہ میں مکان کی چھت گرنے سے تین سالہ بچی اورخوڑ میں پانچ سالہ بچہ گر جانے سے جاں بحق ہو گیا جب کہ کرنل شیر کلے میں بجلی کی تار گرنے سے چار بھینسیں مر گئیں ضلع بھر میں بدھ کوعلیٰ الصبح ساڑھے چار بجے موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو اجو نو بجے تک جاری رہا اس دوران موضع سپرونہ میں انور خان نامی شخص کے گھر کا کمرہ گر گیا جس کے ملبے تلے دبنے سے تین سالہ سعدیہ جاں بحق ہو گئی جب کہ دیگر اہل خانہ محفوظ رہے مقامی لوگوں نے چھت کا ملبہ ہٹا کر بچی کی لاش کو نکالا اور بعد ازاں سپرد خاک کر دیا گیا دریں اثناء ٹوپی کے محلہ شگہ میں پانچ سالہ بچہ ثاقب علی ولد خان زادہ مقامی خوڑ میں گر کر ڈوبنے سے جاں بحق ہو گیا۔ بعد ازاں غوطہ خوروں نے لاش کو نکال لیا۔ خورو بانڈہ کرنل شیر کلے میں بجلی کا تار گرنے سے ایک زمیندار میر عالم کی چار بھینسیں کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گئیں، طوفانی بارش سے گدون ٹوپی ، ٹھنڈ کوئی ، مرغز ، زیدہ ، کنڈہ ، انبار ، رزڑ ، مانکی ، تورڈھیر ، چھوٹا لاہور سیلابی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا جب کہ اس دوران کھنڈہ موڑ انبار کے مقام پر سڑک پر کئی فٹ پانی جمع ہو جانے سے ٹریفک بند رہی۔