پاکستان نے 26 جولائی کے بھارتی وزیراعظم کے جنگجویانہ بیان کو مسترد کر دیا۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اس حوالے سے کہا کہ طاقت کا اظہار اور جہالت علاقائی امن کو نقصان پہنچاتی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ طاقت کا اظہار اور جہالت پاک بھارت دیرینہ تنازعات بالخصوص مسئلہ کشمیر کے حل میں رکاوٹ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بھارت کو غیرملکی علاقوں میں ٹارگٹڈ قتل، تخریب کاری اور دہشتگردی کومنظم کرنے کی اپنی مہم پر غور کرنا چاہیے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جارحیت کے خلاف خود مختاری کے تحفظ کے ارادے اور صلاحیت میں پرعزم ہے۔
اس کی مثال فروری 2019 میں بھارت کی لاپرواہ دراندازی پر اس کے مضبوط ردعمل سے ملتی ہے۔
ترجمان نے کہا پاکستان بھارت کے جارحانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ انھوں نے کہا پاکستان خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کےلیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نے ایک بار پھر پاکستان کےخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نےاپنی تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا اور دہشتگردوں کی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے۔