• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایتھوپیا میں تودہ گاؤں پرگرگیا، 229 افراد ہلاک

ادیس ابابا (نیوز ڈیسک) ایتھوپیا میں شدید بارش کے بعد لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں 200سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی ایتھوپیا کی علاقائی ریاست گوفا میں لینڈ سلائیڈنگ سے گاؤں ملیامیٹ ہوگیا اور 229افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ گوفا کے حکومتی ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں رات بھر شدید بارش ہوئی تھی ۔ ضلعی جنرل ایڈمنسٹریٹر میسکر مٹکو نے بتایا کہ مقامی افراد ، پولیس اور ریسکیو ٹیم کے اہل کار جائے وقوع پر پہنچے تاکہ متاثرہ افراد کو بچایا جا سکے ،تاہم اسی وقت دوسری بار لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس سے بڑی تعداد میں لوگ مٹی میں دفن ہوگئے۔ واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا تھا،جس وقت زیادہ تر مرد گھروں سے باہر تھے۔ یہی وجہ ہے کہ مرنے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دشوار گزار راستوں، پہاڑی علاقے اور مسلسل بارش کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ خراب موسم کے باعث امدادی کاموں کو بار بار روکنا پڑ رہا ہے۔ ملبے تلے دبے افراد کی درست تعداد کا بھی اندازہ نہیں لگایا جا سکا ،جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یورپ سے سے مزید