• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ مسجد عثمانیہ بریڈ فورڈ ہیٹن روڈ پر نئی مسجد کی تعمیر کا آغاز

بریڈفورڈ ( محمد رجاسب مغل ) جامعہ مسجد عثمانیہ بریڈفورڈ ہیٹن روڈ پر نئی مسجد کی تعمیر کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں سابق لارڈ میئر چوہدری رنگ زیب ، کونسلر اشتیاق احمد اور مقامی کمیونٹی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔جامعہ مسجد عثمانیہ کے مہتمم علامہ مفتی محمد بشیر احمد طاہر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس مسجد کی تکمیل کا تخمینہ تقریباً چھ ملین پونڈ ہے۔ مسجد میں ہزاروں افراد نماز ادا کر سکیں گے اور بچوں کی تعلیم وتربیت کیلئے یونیورسٹی بھی ہو گی جو اسلامی اقدار اور ورثے کی روشنی میں مقامی کمیونٹی کی مذہبی ضروریات کو پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ مسجد عثمانیہ کا ویژن کمیونٹی کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو بہتر بنانا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اسلام کی تعلیم اور فراہم کردہ خدمات سب کیلئے کھلی ہوں ۔کونسلر اشتیاق احمد ، سابق لارڈ میئر رنگ زیب چوہدری ، افتخار پوٹھی ،الحاج اقبال راٹھور ، علامہ قاری علی اظہر اور دیگر نے مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے پر مفتی محمد بشیر احمد طاہر کو مبارک باد دی۔ رہنمائوں کا کہنا تھا مسلمانوں کی مذہبی ضروریات اور بچوں کی تعلیم وتربیت کیلئے یہ ایک شاندار ادارہ ہو گا۔ انہوں نے کمیونٹی سے تعاون کی اپیل کی تاکہ یہ مسجد جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔ اس موقع پر شرکاء نے مسجد کی تکمیل کیلئے اجتماعی دعا کی ۔
یورپ سے سے مزید