• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولمپکس گیمز، افتتاحی دن، پلیئرز کی سیکورٹی سخت کردی گئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) فرانس میں اولمپکس گیمز کے افتتاحی دن ہائی اسپیڈ ٹرین نیٹ ورک پر د ہشت گردوں کے حملے کے بعد کھلاڑیوں کے لئے سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے، کھلاڑیوں کو غیر ضروری طور پر گھومنے پھرنے سے روک دیا گیا ہے، میڈیا رپورٹ کے مطابق اولمپکس ویلیج، کھیلوں کے مقامات اور ہوٹلوں میں بھی سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے،دریں اثناءپیرس اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس کی مہم ہفتے سے شروع ہوگی۔ پاکستان کے 2 ایتھلیٹس شوٹنگ کے مقابلوں میں ایکشن میں ہوں گے۔دن ڈیڑھ بجے شوٹر گلفام جوزف 10 میٹر ایئرپسٹل کے ابتدائی راؤنڈ میں شریک ہوں گے۔مردوں کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلوں میں گلفام سمیت 33 شوٹرز شرکت کریں گے۔ابتدائی راؤنڈ میں پلیئرز 10، 10 نشانوں کی 6 سیریز میں حصہ لیں گے۔ ابتدائی 6 سیریز کے بعد ٹاپ 9 شوٹرز فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کریں گے۔اس کے علاوہ کشمالہ طلعت خواتین کی 10میٹر ایئرپسٹل ایونٹ میں ایکشن میں ہوں گی۔ان کا ایونٹ پاکستانی وقت کے مطابق دن ساڑھے 3 بجے ہوگا۔ٹاپ 8 کی جنگ میں کشمالہ طلعت کا 44 شوٹرز سے مقابلہ ہوگا۔ کوالیفائی کرنے کی صورت میں دونوں کے فائنل راؤنڈز 28 جولائی کو ہوں گے۔ علاوہ ازیں فلسطینی دستے کا اولمپکس میں شرکت کے لیے پیرس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔اولمپکس میں شرکت کے لیے فلسطین کے 8 ایتھلیٹس پر مشتمل دستہ پیرس پہنچا تو ایئرپورٹ کے اندر اور باہر درجنوں افراد نے ایتھلیٹس کا استقبال کیا اور فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔اس موقع پر فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے سربراہ جبریل رجب نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 300 سے زائد فلسطینی ایتھلیٹس، ریفریز اور اسپورٹس آفیشلز شہید ہوچکے ہیں جبکہ غزہ میں کھیلوں کی تمام سہولیات بھی تباہ ہوچکی ہیں۔

اسپورٹس سے مزید