• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین ایشیا کپ، سری لنکا نے تاریخ بنادی، پہلی بار ٹائٹل جیت لیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سری لنکا کی خواتین نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔فائنل میں فیورٹ اور دفاعی چیمپئن بھارت کوحیران کن طور پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بھارتی خواتین کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے لیکن میزبان ٹیم نے اتوار کو فائنل 8گیندیں پہلے8وکٹ سے جیت لیا۔دو دن پہلے سری لنکا نے پاکستان کو سیمی فائنل میں شکست دی تھی۔میچ میں ریکارڈ332رنز بنے۔ہر شیتھا سمارا وکرما نے 51گیندوں پر69نا قابل شکست رنز بنائے اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں ان کی اننگز میں دو چھکے اورچھ چوکے شامل تھے۔304رنز بنانے والی اور تین وکٹیں لینے والی چماری آتا پاتو پلیئر آف دی سیریز قرار پائیں۔کپتان چماری نے کہا کہ میں گذشتہ بارہ ماہ میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہوں۔دمبولا میں کھیلے گئے فائنل میں بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 165 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کیلئے166 رنز کا ہدف دیا تھا۔سری لنکا نے 166 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ سری لنکا کی سماراوکرما 69 رنز اور کاویشا دلہاری 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔قبل ازیں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 165 رنز بنائے تھے۔بھارت کی طرف سے سمرتی مندھانا 60، رچا گوش 30 اور جمائمہ روڈریگز 29 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہیں۔بھارت نے ٹائٹل 7 مرتبہ جیتا جبکہ ایک مرتبہ بنگلہ دیشی ٹیم چیمپئن بننے میں کامیاب رہی۔

اسپورٹس سے مزید