• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پڑوسی نے قرض اُتارنے کیلئے بچے اغوأ کرلئے، الماری میں بند دونوں بچے جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مچھر کالونی میں عطائی ڈاکٹر نے قرضہ اتارنے کے لیے پڑوسی کے دو بچوں کو اغوا ءکرلیا اور بیہوش کرکے ہاتھ پیر باندھ کر الماری میں چھپا دیا ، والد کے ساتھ دونوں بچوں کو ڈھونڈتا بھی رہا ، الماری میں بند دونوں بچے جاں بحق ہوگئے ، ملزم اسپتال میں ٹیکنیشن ہے اور علاقے میں عطائی کلینک چلاتا ہے ،ملزم عبدالکریم پر 22لاکھ کا قرض تھا اور وہ بچوں کے والد سے 4کروڑ تاوان مانگنا چاہتا تھا، ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکس تھانے کی حدود مچھر کالونی میں دو بچوں کو جو آپس میں بھائی ہیں ملزم نے تاوان کی غرض سے اغوا کیا اور بے ہوشی کی دوا پلا کر انکے ہاتھ پیر باندھے اور بچوں کو کلینک کی الماری میں چھپا دیا۔ اس دوران دونوں بچے جاں بحق ہو گئے۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ملزم خود بھی بچوں کے والد کے ساتھ مل کر انہیں تلاش کرنے کا ڈرامہ کرتا رہا شک کی بنیاد پر ملزم سے تفتیش کی گئی تو ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔جاں بحق ہونے والے دونوں بھائیوں کی لاشیں سول اسپتال میں قانونی کارروائی کے بعد والد کے حوالے کردی گئیں ۔ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن ( ر) فیضان علی کے مطابق مچھر کالونی میں واوع ایک عطائی کلینک سے دو بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، بچوں کی شناخت 8سالہ احمد اور 10سالہ حسن کے ناموں سے کی گئیں،دونوں بچے سگے بھائی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملزم عبد الکریم ولد عطااللہ پر 22 لاکھ روپے قرض تھا جسے اتارنے کے لیے اس نے بچوں کو اغوا کیا تاہم اس نے ابھی تاوان کے لیے کوئی کال یا مطالبہ نہیں کیا تھا کہ دونوں بچے جاں بحق ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ بے ہوشی کی دوا یا الماری میں دم گھٹنے سے بچوں کی موت واقع ہوئی تاہم ڈاکٹرز کی رپورٹ کے بعد ہی وجہ موت کا تعین ہو گا ملزم کورنگی کا رہائشی اور مچھر کالونی جعفر گلی میں عطائی کلینک چلاتا ہے،ملزم ڈاکٹر نہیں عطائی ہے۔پولیس کے مطابق ملزم نے بچوں کو طوطا دلانے کے بہانے اپنے پاس بلوایا اور انہیں اغوا کر لیا جبکہ ملزم عبدالکریم بچوں کو لاپتہ کرنے کے بعد ان کے گھر والوں کے ساتھ بچوں کو ڈھونڈتا بھی رہا۔پولیس نے شک کی بنیاد پر ملزم کو حراست میں لیا تو اس نے واردات کا اعتراف کیا۔ پولیس نے بچوں کی لاشیں ان کے والدین کی موجودگی میں کلینک کا دروازہ توڑ کر نکالیں۔
اہم خبریں سے مزید