• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سراج الحق: امارت اور غربت کا ایسا حسین امتزاج پہلے کبھی نہیں دیکھا

m.islam@janggroup.com.pk
کراچی (تجزیہ نگار:محمد اسلام) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کراچی میں مختلف مصروفیات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ معلوم نہیں سندھ پر کس کی حکومت ہے؟ کراچی میں جنگل کا قانون ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر بہت غریب آدمی ہیں حکیم شرارتی نے امارت اور غربت کا ایسا حسین امتزاج پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ سراج الحق صاحب نے بہت دلچسپ سوال کیا ہے کہ معلوم نہیں سندھ پر کس کی حکومت ہے؟ برادران اسلام! میں پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ کم از کم جماعت اسلامی کی حکومت سندھ پر نہیں ہے۔ البتہ پیر پگارا مرحوم ہوتے تو وہ یہ بات سب کو بتادیتے کہ سندھ پر فرشتے حکومت کررہے ہیں۔ بعض زیرک سیاسی تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ سندھ پر جن کی حکومت ہے وہ دبئی میں موج مستیاں کررہے ہیں بقول شاعر:
آج تمہارا ہے تم اس پر اترائو
لیکن کل کس نے دیکھا یہ دھیان میں رکھنا
بعض حلقوں نے کچھ عرصے پہلے اس بات کا اظہار کیا تھا کہ سندھ پر زرداری صاحب کی حکومت ہے پھر بتایا گیا کہ سندھ پر ٹپی صاحب حکومت کررہے ہیں اس کے بعد پتا چلا کہ سندھ حکومت کے لیے بلاول بھٹو اور ادی میں رسہ کشی ہورہی ہے۔ حکیم شرارتی کا خیال ہے کہ سندھ پر جن کی حکومت ہے اس کی ڈوریاں کسی اور کے ہاتھ میں ہیں سراج الحق صاحب میں یہ بات یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ سندھ پر جن کی حکومت انہیں صرف آپ ہی تلاش نہیں کررہے بلکہ بہت سے لوگ اس تلاش میں سرگرداں ہیں اسی سوال کو بعض پہلے بھی اس طرح پیرائیے میں کرچکے ہیں کہ ’’حکومت ہے کہاں؟‘‘ مجھے میری چڑیا نے نہیں بلکہ میری کبوتری نے خبر دی ہے کہ سندھ حکومت امجد صابری کے قاتلوں اور اویس شاہ کی تلاش میں ملک کے دور دراز علاقوں میں گئی ہوئی ہے۔ مذکورہ گفتگو کچھ نہ کچھ ضرور واضح ہوگیا ہوگا کہ سندھ پر کس کی حکومت ہے اگر آپ کا جواب نفی میں ہے تو بعض سرکاری افسران کا موقوف بھی سن لیں انہوں نے بتایا کہ سندھ پر وڈے سائیں کی حکومت ہے اور اس بات کو بھی برسوں گزر چکے ہیں سائیں ایک کے بعد دوسرا سال مکمل کرکے ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کررہے ہیں محترم سراج الحق صاحب اب وہی آپ کی یہ بات کہ کراچی میں جنگل کا قانون ہے تو واضح رہے کہ وطن عزیز کے بیشتر جنگلوں کا صفایا کردیا ہے ہے اور تو صرف جنگل کا قانون ہی بچا ہے اور وہ قانون کراچی میں نافذ کردیا گیا اتنے بڑے شہر میں جو قانون نافذ ہے میرا خیال ہے کہ اسے ایل ایل بی کے نصاب کا حصہ ہونا چاہیے اور وکلا کی مختلف کتابوں کے درمیان ایک ایسی بھی کتاب دکھائی دینی چاہیے۔ جس پر لکھا ہو ’’جنگل کا قانون۔‘‘
تازہ ترین