پیرا اولمپک ایتھلیٹ، ہالی ووڈ اداکارہ و رن وے ماڈل کنیا سیسر نے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق، کنیا سیسر نے 19.65 سیکنڈز تک اپنے ہاتھوں کے بل پر اسکیٹ بورڈ پر کھڑا رہ کر اسکیٹ بورڈ پر سب سے زیادہ دیر تک ہاتھوں کے بل کھڑے ہونے کا ریکارڈ بنایا ہے۔
یہ ریکارڈ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں حاصل بنایا گیا ہے۔
کنیا سیسر نے اپنی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میرے لیے یہ ریکارڈ زندگی بدلنے والے لمحات میں سے ایک ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ تاریخ رقم کرنا ناقابل یقین ہے، میں نے آنے والی نسلوں کو متاثر کیا ہے۔
واضح رہے کہ 31 سالہ کنیا سیسر پیدائشی طور پر دونوں ٹانگوں سے محروم ہیں۔
اُنہیں تھائی لینڈ کے ضلع پاک چونگ میں ایک خاتون نے بدھ مت مذہب کے مندر کے پاس سے گزرتے ہوئے ایک خاتون نے سڑک کنارے پڑے ہوئے پایا تھا اور پھر اُنہیں اسپتال لے گئی تھیں جہاں سے 1998ء میں اُنہیں امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی نے گود لیا تھا۔
جس کے بعد کنیا سیسر امریکی ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ چلی گئیں جہاں اُنہوں نے گود لینے والے والدین جین اور ڈیو کے گھر اپنے دو بڑے بھائیوں کے ساتھ پرورش پائی۔