پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز بہتان تراشی کرنے والوں کو کبھی معاف نہ کرنے کا تہیہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔
شگفتہ اعجاز نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے ان تمام سوشل میڈیا صارفین کو آڑے ہاتھوں لیا ہے جو ان پر تنقید کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ شگفتہ اعجاز کے شوہر یحیٰی صدیقی 5 برسوں سے کینسر میں مبتلا ہیں اور نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ حال ہی میں اداکارہ دبئی کے دورے پر تھیں، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
صارفین کے مطابق اداکارہ نے یحیٰی صدیقی سے دوسری شادی صرف ان کے پیسوں کے لیے کی تھی، اور آج جب ان کا شوہر بسترِ مرگ پر ہے تو انہوں نے ان کی تیمارداری کے بجائے اپنی بیٹیوں کے ساتھ سیر و تفریح کو ترجیح دی۔
سوشل میڈیا صارفین کی تنقید اداکارہ سے برداشت نہ ہوئی تو انہوں نے یوٹیوب پر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے ان تمام کمنٹس کے اسکرین شاٹ شیئر کئے ہیں اور ساتھ میں تہمت، بہتان تراشی، دل دکھانے والوں کے انجام سے متعلق مختلف احادیث بھی شیئر کی ہیں۔
شگفتہ اعجاز نے مذکورہ ویڈیو میں یہ بھی کہا ہے کہ وہ بہتان لگانے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی تاکہ ان کا قیامت کے دن آمنا سامنا ہو اور اس دن تمام معاملات دیکھیں گی جب تمام تر حقیقت سب پر آشکار ہوگی۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ وضاحت بھی دی کہ انہوں نے یحیٰی صدیقی سے پیسوں کے لیے شادی نہیں کی بلکہ اس لیے شادی کی ہے تاکہ ان کی بیٹیوں پر باپ کا سایہ ہو۔
اداکارہ کے مطابق یحیٰی پر صرف گھر کے بل اور ایک ملازم کی تنخواہ کی ذمہ داری تھی جبکہ وہ اپنی تمام بیٹیوں کے اخراجات سمیت دیگر گھریلو اخراجات کی ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ برس سے اپنے شوہر کا علاج کروا رہی ہیں، ان کے شوہر کے پیٹ میں ہر ماہ ایک انجکشن اور دوسرا انجکشن ہر تین ماہ بعد لگتا ہے اور آئے دن انہیں کسی نہ کسی ڈاکٹر کے پاس لے جایا جاتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کیا ان پر تنقید کرنے والے ان کے بیمار شوہر کا علاج کروا رہے ہیں؟