چین میں ڈرائیوروں کو ہائی وے پر رات میں ڈرائیونگ کے دوران بیدار رکھنے کےلیے انوکھا طریقہ اپنا لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چین میں حکام ایک نیا تجربہ کر رہے ہیں جس میں ڈرائیوروں کو ڈرائیونگ کے دوران نیند آنے کی وجہ سے ہونے والے حادثات سے بچانے کےلیے موٹرویز پر طاقتور لیزر لائٹس نصب کی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز منظر عام پر آئیں جن میں موٹرویز کے سائن بورڈز سے رنگ برنگی روشنیوں کی شعاعیں نکلتی دکھائی دے رہی تھیں۔
پہلے تو یہ نظارہ کسی میوزک فیسٹیول کی روشنیوں کا لگ رہا تھا تاہم بعد میں یہ حقیقت سامنے آئی کہ ان لیزر لائٹس کا مقصد ڈرائیوروں، خاص طور پر ٹرک ڈرائیوروں کو رات کے وقت اونگھ آجانے سے ممکنہ حادثات سے بچانا ہے۔
اس تجربے پر ڈرائیوروں کا ردعمل ذرا مختلف آیا۔ لی نامی ایک ڈرائیور نے بتایا کہ ان روشنیوں نے انہیں رات کے وقت گاڑی چلاتے ہوئے فوری طور پر متوجہ کردیا تھا اور ان کی تھکن کم ہوگئی تھی۔
دوسری جانب کچھ ڈرائیور اس تجربے سے مطمئن نظر نہیں آتے۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ لیزر لائٹس انہیں مزید پریشان کرتی ہیں، جبکہ دوسروں نے شکایت کی کہ یہ روشنی مرگی کے دورے کا سبب بھی بن سکتی ہے اور بجائے اس کے کہ وہ جاگتے رہیں، وہ روشنیوں کے عادی ہو کر مزید سست ہو جائیں گے۔
چینی حکام کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہ لیزر لائٹ سسٹم ابھی بھی موٹرویز پر آزمایا جا رہا ہے یا نہیں اور کیا اس منصوبے کو مستقبل میں نافذ کیا جائے گا؟ لیکن اس حوالے سے جاری تنازع ابھی بھی خبروں میں موضوع بحث ہے۔