• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین انڈر۔18 والی بال چیمپئن شپ: پاکستان چین سے سیمی فائنل میں ہار گیا

ایشین انڈر۔18 والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے میں زبردست فائٹ کے بعد پاکستان انڈر۔18 ٹیم چین سے ہار گئی۔ چین نے فائنل میں جگہ بنالی جبکہ پاکستان تیسری پوزیشن کا میچ کھیلے گا۔

بحرین میں ایشین انڈر۔18 والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان اور چین کے درمیان سنسنی خیز سیمی فائنل ہوا، کبھی چین کی ٹیم سبقت لے جاتی تو کبھی پاکستان کا پلڑا بھاری لگتا۔ دونوں ٹیموں نے میچ میں بھرپور صلاحیتوں اور مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کیا۔

چین نے پہلا سیٹ جیتا تو پاکستان نے دوسرا، پھر چین نے سبقت لی تو چوتھے میں پاکستان نے 16-21 کے خسارے سے کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔ تاہم فیصلہ کن سیٹ میں چین سبقت لے جانے میں کامیاب رہا۔

پاکستان کے خلاف چین کی کامیابی کا اسکور 23-25، 25-22، 22-25، 25-23 اور 8-15 رہا۔

پاکستان کی جانب سے ابو بکر، مہتط علی شاہ، محمد انس اور محمد یحییٰ نے نمایاں کھیل کا مظاہرہ کیا۔

سیمی فائنل میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم اب تیسری پوزیشن کا میچ کھیلے گی۔ ایشین انڈر۔18 والی بال چیمپئن شپ میں ٹاپ فور میں جگہ بناتے ہوئے پاکستان نے اگلے سال ہونیوالے ورلڈ انڈر۔19 والی بال چیمپئن شپ کےلیے بھی کوالیفائی کرلیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی بار انڈر۔19 والی بال ورلڈ چیمپئن شپ کےلیے کوالیفائی کیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید