سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین سینیٹر محسن عزیز نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت اتنی زیادہ ہوگئی ہے کہ کوئی بھی برداشت نہیں کر سکتا۔
ایک ویڈیو بیان سینیٹر محسن عزیز نے مزید کہا کہ میں نے یہ مسائل 7، 8 یا 9 سال پہلے پارلیمنٹ میں اٹھائے تھے۔ اُس وقت بزنس لیڈرز نے توجہ دی نہ سیاسی رہنماؤں نے اور نہ ہی فیڈریشن چیمبر آف کامرس نے اس جانب دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اُس وقت کہا تھا کہ یہ قیمتیں آئی پی پیز کی وجہ سے بڑی وبا بن سکتی ہیں، آج یہی صورتحال سامنے آ رہی ہے۔
سینیٹر محسن عزیز کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ادوار میں یہ پروجیکٹس لگے۔ آج انہی کے وزراء اور نمائندے کہہ رہے ہیں کہ چیزیں غلط ہوگئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس چوری کا پتہ لگانا اور دیکھنا ہوگا اس میں کون شامل تھا۔ جن سے مطالبہ کر رہے ہیں انہوں نے ہی آئی پی پیز بنائے اور انکے دور حکومت میں یہ پاور پلانٹس لگے۔
محسن عزیز نے کہا یہ وہی لوگ ہیں جن کا بیانہ یہ تھا کہ ہم پاکستان کو اندھیرے سے اُجالے کی طرف لے کر جا رہے ہیں مگر درحقیقت یہ اُجالے سے پورے پاکستان کو گہرے اندھیروں میں لے گئے۔
محسن عزیز نے کہا کہ میں کسی بزنس کمیونٹی کا نمائندہ ہوں نہ ہی کسی اور کا۔ میں صرف پاکستان کا نمائندہ ہوں، میرا ایجنڈا پاکستان ہے۔
سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ حکومت وقت سے درخواست ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے دیکھا اور سمجھا جائے۔