• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر کہانی اچھی نہیں ہو تو شاہ رخ خان کی فلم بھی نہیں چلتی، جنت مرزا کا فلم کی ناکامی پر ردعمل


پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاکر و اداکارہ جنت مرزا کا کہنا ہے کہ فلم کی کامیابی کا انحصار اس کی کہانی پر ہوتا ہے، اگر کہانی اچھی نہیں ہو تو شاہ رخ خان کی فلم بھی نہیں چلتی۔

حال ہی میں جنت مرزا نے ساتھی اداکار احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر کھل کر گفتگو کی، وہیں انہوں نے انٹرویو کے دوران اپنی پہلی فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ فلاپ ہونے کی وجہ بتا دی۔

دوران انٹرویو میزبان نے اداکارہ سے ان کی ڈیبیو فلم کی ناکامی کا سبب اور ساتھ ہی مذکورہ فلم کے ہدایت کار سید نور کے ماضی میں دیئے گئے ایک بیان پر ان کا موقف بھی جاننا چاہا۔

خیال رہے کہ جنت مرزا نے سید نور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا، جو بُری طرح فلاپ ہوگئی تھی۔

فلم کی ناکامی کے بعد جب سید نور سے اس کی وجہ معلوم کی گئی تو انہوں نے جنت مرزا کے فالوورز کا سینما میں نہ آنا قرار دیا اور کہا کہ مجھے لگا تھا کہ اتنے زیادہ فالوورز ہیں کوئی تو فلم دیکھنے آئے گا لیکن کوئی نہیں آیا۔

تاہم حالیہ انٹرویو میں جنت مرزا نے سید نور کے اس بیان پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ انہوں نے ایسا کیوں کہا، لیکن جس وقت مجھے فلم آفر ہوئی تھی، اس وقت مجھے کافی چیزوں کا پتہ نہیں تھا۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں نے اسکرپٹ پڑھے بغیر فلم سائن کرلی تھی، جو میری غلطی ہے۔ مجھے ٹک ٹاک سے فلمی پردے پر آنے کا موقع مل رہا تھا یہ ہی سوچ کر فلم سائن کرلی۔

جنت مرزا کا کہنا ہے کہ فلم کی کامیابی کا انحصار اس کی کہانی پر ہوتا ہے، اگر کہانی اچھی نہیں ہو تو شاہ رخ خان کی فلمیں بھی نہیں چلتی، اس میں فالوورز کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔ اب کافی چیزیں سمجھ آگئی ہیں اور مستقبل میں جب بھی کوئی پروجیکٹ سائن کروں گی تو پڑھ کر کروں گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید