مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف دنیا بھر کی طرح ٹوکیو میں سفارتخانہ پاکستان میں بھی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے کی۔
تقریب میں سفیر پاکستان نے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ویڈیو پیغام بھی بڑی اسکرین پر شرکاء کو دکھایا گیا۔
اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم کو اُجاگر کرنے کے لیے سفارتخانہ پاکستان میں خصوصی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
اپنے خطاب میں سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی ظلم و ستم کو رکوانے کےلیے عالمی سطح پر کوششوں پر زور دیا۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پوری پاکستانی قوم قائداعظم کے اس قول کے ساتھ کھڑی ہے۔
سفیر پاکستان نے جاپان میں کشمیری بھائیوں کےلیے پُرامن طور پر آواز بلند کرنے والے پاکستانیوں، کشمیریوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔