بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول نے مایوس ہوکر بالی ووڈ چھوڑنے کا فیصلہ شاہ رخ خان کی وجہ سے واپس لیا۔
سینئر اداکارہ کاجول آج اپنی زندگی کی گولڈن جوبلی منارہی ہیں۔ وہ اپنی زندگی میں ایک مرتبہ بالی ووڈ چھوڑنے کا ارادہ کرچکی تھیں۔
ایک انٹرویو کے دوران کاجول کا کہنا تھا کہ "کیریئر کے دوران ایک ایسا وقت بھی آیا جب میں لاشعوری میں بہت سی چیزیں کر رہی تھی، ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے یہ بھی کر دو، یہ ڈائیلاگ بھی بول دو، سب کچھ اندر سے نکل رہا تھا۔"
کاجول نے بتایا کہ "مجھے یاد ہے کہ میں نے اس حوالے سے شاہ رخ سے بات کی، اس نے کہا کہ 'آپکو اداکاری کی کچھ تکنیک سیکھنی چاہیے'۔
اداکارہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اور شاہ رخ کی اس بات پر میں نے کہا 'ایسی بھی کوئی چیز ہے؟' جس پر شاہ رخ نے جواب دیا کہ 'ہاں، اور یہ لوگوں کو سکھائی جاتی ہے۔'
انکا کہنا تھا کہ شاہ رخ نے کہا کہ 'آپ کو یہ تکنیک سیکھنے کی ضرورت ہے، آپ سب کچھ اپنے اندر سے نہیں نکال سکتیں'، تاہم میں نے شاہ رخ کی اس بات کو ابتدا میں نظرانداز کردیا تھا لیکن بعد میں اس پر عمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ 1994 کی فلم ادھار کی زندگی کرنے کے بعد میں نے سوچا کہ بس بہت ہوئی اداکاری، میں اس وقت مایوس ہوچکی تھی اور فلمیں نہیں کرنا چاہتی تھی۔
کاجول کا کہنا تھا کہ پہلے اداکاراؤں کو کچھ مخصوص سینز اور گیت ملتے تھے، لیکن پھر میں نے دو تین فلمیں سائن کیں جنہوں نے مجھے بطور اداکارہ کافی ریلیف دیا۔
واضح رہے کہ کاجول نے فلم بےخودی سے اپنے فلمی کیریئر کی شروعات کی، فلم ناکام ہوئی لیکن کاجول کو پذیرائی ملی، 1993 کی فلم بازیگر سے انہوں نے پہلی مرتبہ کامیابی کا مزہ چکھا۔