• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش میں رونما ہونے والے واقعات پر گہری نظر ہے، یورپین یونین

یورپین یونین نے بنگلادیش کی تازہ ترین صورتحال پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا کہ یورپی یونین بنگلادیش میں رونما ہونے والے واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلادیشی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وقار الزمان کے قوم سے خطاب کے بعد یورپی یونین نے پرسکون رہنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

یورپین خارجہ امور کے سربراہ نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ انسانی حقوق اور جمہوری اصولوں کے مکمل احترام کے ساتھ جمہوری طور پر منتخب حکومت کی طرف منظم اور پرامن منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین حالیہ مظاہروں کے دوران ہونے والے المناک جانی نقصان پر غمزدہ ہے۔ ہم جنرل وقار الزمان کی طرف سے دی گئی ان یقین دہانیوں کا نوٹس لیتے ہیں کہ 'صورت حال پرامن طریقے سے نمٹائی جائے گی اور تمام غیر قانونی قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی'۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا احتساب بہت ضروری ہے۔ جن لوگوں کو من مانے طور پر حراست میں لیا گیا ہے انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ بنگلادیش کے عوام کے ایک اہم پارٹنر کے طور پر یورپی یونین ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے پرعزم ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید