بنگلادیش کے صدر نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین نے خالدہ ضیا کی جیل سے رہائی کا حکم دیا، اپوزیشن جماعت بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا کی رہائی کا حکم صدارتی اجلاس میں دیا گیا۔
صدر کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف وقار الزماں، بحریہ، فضائیہ کےسربراہ بھی موجود تھے، اجلاس میں بی این پی، جماعت اسلامی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے، اجلاس میں طلبا احتجاج کے دوران گرفتار تمام مظاہرین کو بھی رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بنگلا دیش میں گزشتہ ماہ سے جاری مظاہروں میں 11 ہزار سے زیادہ مظاہرین گرفتار کیے گئے تھے، خالدہ ضیا کو 2018 میں رشوت ستانی کے جرم میں 17 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
دوسری جانب بنگلادیش کی فوج نے ملک میں نافذ کرفیو منگل کی صبح سے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
فوج کا کہنا ہے کہ ملک میں کرفیو منگل کی صبح ہٹا لیا جائے گا، کل صبح سے اسکول کُھل جائیں گے اور کاروبار معمول پر آ جائے گا۔