• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد خان، صنم سعید کی ویب سیریز ’برزخ‘ کو یوٹیوب سے ڈیلیٹ کرنے کا اعلان

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

پاکستانی صارفین کی شدید تنقید کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ ویب سیریز ’برزخ‘ کو 9 اگست سے یوٹیوب پاکستان سے ہٹا دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان کی پہلی ویب سیریز کو گزشتہ ماہ 19 جولائی کو یوٹیوب کے چینل زندگی اور زی 5 پر جاری کیا گیا تھا۔

اس شو کو ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم، یوٹیوب سے ہٹائے جانے کا اعلان میکرز کی جانب سے انسٹاگرام پر ’زندگی‘ کے آفیشل اکاؤنٹ پر کیا گیا ہے۔


سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں ویب سیریز کو یوٹیوب سے ہٹائے جانے کی تصدیق کی گئی ہے، ویب سیریز کے میکرز کا کہنا ہے کہ وہ چھ اقساط پر مشتمل سیریز ’برزخ‘ کو یوٹیوب سے حذف کر رہے ہیں۔

ویب سیریز کے میکرز نے اس سیریز کی حمایت کرنے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

زندگی آفیشل کے تصدیق شدہ پیج پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں موجودہ عوامی جذبات کی روشنی میں ہم نے رضاکارانہ طور پر 9 اگست 2024ء سے یوٹیوب پاکستان سے برزخ کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ ہمارے ناظرین کی رائے کو عزت دینے کے لیےکیا گیا ہے۔

دوسری جانب ویب سیریز کے ہدایتکار عاصم عباسی کی جانب سے بھی گزشتہ شب مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا گیا تھا، عاصم عباسی کا اپنے پیغام میں لکھنا تھا کہ ’جی ہاں، برزخ کی آخری قسط آج رات نشر کی جائے گی۔‘

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستان کی پہلی ویب سیریز جس میں اداکار فواد خان اور صنم سعید مرکزی کرداروں میں دیکھے گئے، اس سیریز کا بائیکاٹ کیا جا رہا تھا۔

’برزخ‘ کے بائیکاٹ کرنے اور اس پر کی جانے والی سخت تنقید کی وجہ سیریز میں دکھائے جانے والے غیرمناسب اور ہم جنس پرستی پر مبنی سین تھے۔

سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ ساتھ پاکستان شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات نے بھی اس سیریز کے بائیکاٹ کرنے سے متعلق بات اور تنقید کی تھی۔

دوسری جانب کچھ شخصیات نے ویب سیریز ’برزخ‘ کے حق میں رائے دی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید