• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرامہ برزخ ساس بہو کا ڈرامہ دیکھنے والوں کیلئے نہیں بنایا گیا ہے، نادیہ خان

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

پاکستانی معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی  ویب سیریز  ’برزخ‘ ساس بہو کا ڈرامہ دیکھنے کے شوقین افراد کے لیے نہیں بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی ویب سیریز ’برزَخ‘ کو آج کل سخت تنقید کا سامنا ہے۔

ویب سیریز ’برزَخ‘ میں کچھ نامناسب مناظر اور ہم جنس پرستی سے متعلق مواد بھی دکھایا گیا ہے جس کی وجہ سے اس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

سیریز کی کاسٹ میں تمام پاکستانی اداکار شامل ہیں جن میں اداکار فواد خان اور صنم سعید کو مرکزی کرداروں میں دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ سیریز اداکار فواد خان کی طویل مدت کے بعد اسکرین پر واپسی کا ذریعہ بھی ہے۔

اداکارہ نادیہ خان حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل شو میں بطور تجزیہ نگار سیریز پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔


مذکورہ پروگرام میں اداکارہ نادیہ خان نے ویب سیریز ’برزخ‘ کی اچھائیاں اور برائیاں گنوائی ہیں۔

نادیہ خان نے کہا ہے کہ سیریز ’برزخ’ معمول سے ہٹ کر بنائی گئی ہے، اسی لیے عوام اسے قبول نہیں کر رہے، جو شائقین ساس بہو، شادی، لڑائی جھگڑے اور طلاق پر مبنی ڈرامے دیکھنے کے عادی ہیں وہ یہ سیریز نہ دیکھیں کیوں کہ اُنہیں یہ اچھی نہیں لگے گی۔

اداکارہ نے سیریز کے مناظر، ڈائیلاگز اور کہانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی بار پاکستان ایسا پروجیکٹ بنانے میں کامیاب ہوا ہے، اس سے قبل جب بھی سسپینس پر کوئی فلم یا ڈرامہ بنایا گیا ہے اس میں ناکامی ہی ملی ہے۔

نادیہ خان کی جانب سے ویب سیریز ’برزخ‘ پر دی گئی رائے سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

نادیہ خان نے وائرل ویڈیو میں پاکستانی پہلی ویب سیریز ’برزخ‘ دیکھنے اور نہ دیکھنے کی وجوہات پر بھی بات کی ہے۔

اداکارہ نے 5، 5 نکات گنواتے ہوئے شائقین کو وجہ بتائی ہے کہ یہ سیریز دیکھنا کیوں ضروری ہے اور کیوں نہیں دیکھنی چاہیے۔

اپنی رائے کے آخر میں نادیہ خان نے ’برزخ‘ کو اپنی پسندیدہ سیریز قرار دیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید