پاک جاپان فرینڈشپ فیسٹیول کے منتظمین نے بتایا کہ فیسٹیول کے انعقاد کے سو فیصد نتائج حاصل کیے، گرمی کے باوجود اس سال پچھلے سال سے زائد جاپانی و پاکستانی عوام نے فیسٹیول میں شرکت کرکے پروگرام کو چار چاند لگا دیے۔
جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے پاک جاپان فرینڈشپ فیسٹیول کے منتظم رمضان صدیق نے کہا کہ ہمارا مقصد جاپان میں پاکستان کے کلچر کو متعارف کروانا ہے جس میں ہم کامیاب رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ اور جاپانی حکومت کے شکر گزار ہیں جن کے تعاون سے اتنا بڑا فیسٹیول منعقد ہوسکا۔
رمضان صدیق کا کہنا تھا کہ جاپانی عوام میں پاکستانی بہت مقبول ہوچکے ہیں جبکہ اب جاپانی عوام کو پاکستانی ملبوسات اور رسم و رواج کی بھی پہچان ہوتی جارہی ہے اور یہی ہماری کامیابی ہے۔
اس موقع پر منتظم شاکر احمد نے کہا کہ اس کامیاب فیسٹیول کے انعقاد پر ہم اللّٰہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ چار روزہ اس ایونٹ میں پاکستانی قوالوں نے بھی سماں باندھ دیا تھا۔ ان کی قوالیوں نے جاپانی عوام کو اپنی جانب متوجہ کیے رکھا، جبکہ پاکستانی کھانے فیسٹیول کی سوغات رہے۔
رمضان صدیق، شاکر احمد، راشد صمد خان اور امجد ناکاؤکا نے جاپانی سپورٹرز اور والنٹیئرز کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ شاندار فیسٹیول منعقد ہوسکا۔
فیسٹیول انتظامیہ نے آخر میں جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے درخواست کی کہ اس طرح کے فیسٹیول پاکستانی کلچر کو جاپان میں فروغ دینے کےلیے منعقد کیے جاتے ہیں لہٰذا سب سے درخواست ہے کہ خدارا اس طرح کے فیسٹیول میں سیاست سے بالاتر ہو کر شرکت کیا کریں تاکہ پاکستان کا مثبت امیج جاپانی عوام تک پہنچ سکے۔
انتظامیہ نے مزید کہا کہ سیاسی نعروں اور ہلڑ بازی سے ناصرف پاکستان کا نام بدنام ہوگا بلکہ مستقبل میں جاپانی شہری پاکستان کے فیسٹیول میں شرکت سے بھی گریز کریں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں تمام پاکستانی صرف پاکستانی بن کر اس طرح کی فیسٹیول میں شرکت کیا کریں گے۔