وزیراعظم شہباز شریف نے کاروبار و سرمایہ کاری میں آسانی کیلئے بڑے اصلاحاتی پروگرام کے آغاز کی منظوری دے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق کاروبار و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے قوانین و ضابطوں کی پہلی ڈیجیٹل رجسٹری کے قیام کا آغاز کیا جائے گا، وزیراعظم نے منصوبے کی فنڈنگ میں دلچسپی کا اظہار کرنے والے بین الاقوامی اداروں سے اظہار تشکر کیا۔
وزیراعظم نے منصوبے کی فنڈنگ میں دلچسپی رکھنے والے بین الاقوامی اداروں سے معاہدے کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اجلاسوں اور مشاورت کے ساتھ ساتھ متعلقہ حکام و وزارتیں پالیسی اقدامات کا بروقت عملی نفاذ یقینی بنائیں۔
وزیراعظم نے منصوبے کے نفاذ کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کردی، جو اپنی تمام تر توجہ اس منصوبے پر عملدرآمد پر مرکوز کرے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت انتہائی اہمیت کے حامل شعبوں کی اصلاحات شروع کی جائیں۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رجسٹری میں ملک میں سرمایہ کاری کیلئے موجود تمام قوانین اور ضابطوں کو یکجا کرکے ڈیجیٹلائز کیا جائے گا، ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کی راہ میں حائل تمام غیر ضروری قوانین و ضابطوں کو ختم کیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیوروکریٹک رکاوٹوں کو ہٹا کر رجسٹریشن و دیگر ضروری اقدامات میں درکار وقت کو ڈیجٹلائزیشن سے کم کیا جائے گا۔