• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی شیخانی کا گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو بطور تحفہ نئی نکور گاڑی کا اعلان


پاکستانی نژاد امریکی تاجر علی شیخانی کی جانب سے پیرس اولمپکس 2024ء میں ریکارڈ ساز پرفارمنس دینے والے جیولین کھلاڑی ارشد ندیم کے لیے گاڑی کا اعلان کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر معروف سماجی کارکن، جے ڈی سی کے سربراہ سید ظفر عباس جعفری کی ایک ویڈیو وائرل ہے۔

اس ویڈیو میں ظفر عباس، پیرس اولمپکس میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے پاکستانی کھلاڑی، ارشد ندیم کو پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دے رہے ہیں اور اُن کی پاکستان کے لیے خدمات کو سراہ رہے ہیں۔

ظفر عباس کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم آپ پاکستان آئیں، آپ کا والہانہ استقبال کیا جائے گا اور ایک چمچماتی گاڑی (آلٹو)  آپ کی منتظر ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ جب ارشد ندیم پاکستان آ رہے ہوں گے تو اسی دوران علی شیخانی بھی پاکستان پہنچنے والے ہوں گے، علی شیخانی نے ارشد ندیم کے لیے بطور تحفہ نئی نکور گاڑی کا اعلان کیا ہے۔

ظفر عباس نے ارشد ندیم کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی صورتحال میں کہ جب پاکستان میں ٹینشن ہے، بجلی کے بل عوام کو ستا رہے ہیں، عوام پریشان ہیں، ایسی صورتحال میں پاکستانیوں کو آپ نے خوشی دی، آپ کا بہت بہت شکریہ۔

اُن کا ویڈیو کے اختتام میں مزید کہنا ہے کہ علی شیخانی آپ کے لیے اور بھی بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں، آپ پاکستان آئیں بہت سی خوشیاں اور تحائف آپ کے منتظر ہیں۔

یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز پرفارمنس دیتے ہوئے ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے۔

یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل بھی ہے۔

گولڈ میڈل کے حصول کے لیے 12 کھلاڑی نے میڈل پر نظر جمائے لمبے ترین فاصلے پر جیولین پھینکنے کی کوشش کی۔

ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو میں 92.97 میٹرو کی تھرو کی اور اولمپکس کی تاریخ کی لمبی ترین تھرو پھینکی۔

پورے مقابلے میں کوئی بھی ایتھلیٹ ناصرف ارشد کے پاس آنے میں ناکام رہا بلکہ 90 میٹر کی لائن بھی عبور نہ کر سکا۔

ارشد ندیم نے اپنی آخری تھرو 91.79 میٹر پھینک کر ایک ہی مقابلے میں دو مرتبہ 90 میٹرز سے زائد کی تھرو پھینکی۔ 

قومی خبریں سے مزید