امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ حکومت سے کامیاب مذاکرات پر آج پورے کراچی میں یومِ تشکر منائیں گے۔
میڈیا سےگفتگو میں امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ شہر بے شمار مسائل سے دو چار ہے ، صوبائی حکومت نے کراچی کے عوام کو مسائل سے دو چار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 66 ارب روپے کے پروجیکٹ بارش کے پانی میں بہہ جاتے ہیں، کراچی کی آبادی کم کر دی گئی اور شہر کو ایک بوند پینے کا صاف پانی نہیں دیا گیا۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ آئے روز اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں، ہم ان ظالم حکمرانوں کا تعاقب کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سرپرستی میں زمینوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں، ہم گلی محلوں کی سطح پر کمیٹیاں بنائیں گے، محلے کے مسائل حل کروائیں گے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم شہر کا مقدمہ گلی گلی، چوکوں اور چوراہوں سمیت ہر سطح پر لڑیں گے۔