پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم کی کامیابی کو دنیا بھر میں دیکھا گیا۔
گزشتہ روز ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا نے سِلور اورگرینیڈا کے اینڈرسن نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیرج چوپڑا کے سِلور میڈل جیتنے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے تقریباً رات ایک بجے انہیں فون کر کے مبارک باد دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے نیرج چوپڑا سے کہا کہ بہت بہت مبارک ہو نیرج آپ نے ایک بار پھر ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے، کل رات ایک بجے بھی کروڑوں لوگ آپ کو امید سے دیکھ رہے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے جیولین تھرو کے لیجنڈ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان کے لیے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیت لیا تھا۔
انہوں نے اولمپکس کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کر کے یہ اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔