وزیراعظم شہباز شریف نے جنگی جرائم پر اسرائیلی قیادت کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں اسکول پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ اسکول کے بچوں پر حملہ کھلی جارحیت ہے، اس طرح کی بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اسرائیل کو ظالمانہ کارروائیوں پر کڑی سزا دی جائے، ان سفاکانہ کارروائیوں نے تمام حدیں پار کردی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ اسرائیل کی سفاکیت روکنے کےلیے عملی اقدامات کرے اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کروایا جائے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر اپنے فلسطینی بہنوں اور بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم پر اسرائیلی قیادت اور سیکیورٹی فورسز کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔