• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، کچے کے علاقے میں دو جرائم پیشہ گروہوں میں تصادم، 5 افراد ہلاک

سکھر (بیورو رپورٹ) تھانہ باگڑجی کی حدود میں زمین کے تنازع پر ڈاکوؤں کے دو گروہوں میں مسلح تصادم ہوگیا، فائرنگ کے نتیجے میں 5 ڈاکوؤں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پولیس کے مطابق باگڑجی کے کچے کے علاقے میں عطرانی جتوئی برادری سے تعلق رکھنے والے ڈاکوؤں کے دو گروہوں میں زمین کے تنازع پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 5 ڈاکو مارے گئے ہیں، مرنے والوں میں 3سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ ڈاکوؤں کے دونوں گروہوں میں زمین کے معاملہ پر کافی عرصہ سے تنازع چل رہا تھا۔ گزشتہ روز ایک گروہ کے مسلح افراد نے زمین پر کام کرنیوالے دوسرے گروہ کے افراد پر حملہ کرکے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 5افراد ہلاک اور 2زخمی ہوئے ہیں۔ علاقہ کئی گھنٹے تک میدان جنگ بنا رہا، اطلاع پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات پر قابو پایا، لاشیں تحویل میں لیں، لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا، پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے۔ ہلاک ہونیوالے ڈاکوؤں کی شناخت میرو جتوئی، راجو جتوئی، چھتو جتوئی، بابو جتوئی اور واجد جتوئی کے نام سے ہوئی ہے جو کہ قتل، ڈکیتی، پولیس مقابلوں سمیت جرائم کی دیگر وارداتوں میں مطلوب تھے۔

ملک بھر سے سے مزید