کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کے تحت منگل 13 اگست کو دنیا بھر میں کیمبرج آئی جی سی ایس ای، او لیول اور انٹرنیشنل اے ایس اینڈ اے لیول کے مئی جون امتحانی سیریز کے نتائج جاری کیے جائیں گے۔
عالمی سطح پر مئی جون 2024 میں کیمبرج کے بین الاقوامی امتحانات کے لیے 1.6 ملین سے زیادہ اندراجات ہوئے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 9 فیصد اضافہ ہے۔
پاکستان میں 683 اسکولوں میں 100,000 سے زیادہ طلباء یا تو کیمبرج او لیولز، آئی جی سی ایس ایز، یا انٹر نیشنل اے ایس اینڈ اے لیولز امتحانات میں شریک ہوئے تھے۔
کیمبرج او لیولز اور آئی جی سی ایس ایز کےلیے 226,000 سے زیادہ اندراجات اور کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اینڈ اے لیولز کے لیے ملک بھر کے طلبہ کی جانب سے 125,000 سے زیادہ اندراجات ہوئے تھے۔
کیمبرج او لیول اور آئی جی سی ایس ایز میں پاکستان اسٹڈیز، اسلامیات، ریاضی، انگریزی زبان اور اردو بطور دوسری زبان سب سے زیادہ مقبول مضامین تھے۔
کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اینڈ اے لیول پر، طبعیات، ریاضی، بزنس، کیمیاء اور کمپیوٹر سائنس سب سے زیادہ مقبول مضامین تھے۔
اس سال کاروبار نے کیمیاء کو پیچھے چھوڑ دیا، اور کمپیوٹر سائنس نے اقتصادیات کی جگہ ٹاپ 5 میں داخل ہونے کے لیے جگہ بنائی۔