• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قواعد و ضوابط کی مسلسل خلاف ورزی غفلت پر غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان کے وائس چانسلر ڈاکٹر خلیق احمد برطرف

لاہور(نمائندہ خصو صی)گورنر پنجاب نے قواعد و ضوابط کی مسلسل خلاف ورزی‘ غفلت و لاپرواہی اور عدم دلچسپی کی بناء پر غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان کے وائس چانسلر ڈاکٹر خلیق احمد کو برطرف کر دیا ۔ اس سلسلے میں محکمہ ہائر ایجوکیشن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ۔ ہائر ایجوکیشن کی ریسرچ کمیٹی کی سفارشات کے بعد جون 2015ء کو ڈاکٹر خلیق احمد کو غازی یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کیا تھا لیکن ڈاکٹر خلیق احمد نے فوری طور پر جوائن کرنے کی بجائے ایک ماہ کی تاخیر سے جولائی 2015ء میں بطور وائس چانسلر جوائن کرنے کی درخواست کی جسے  ایچ ای سی  نے منظور کرلیا۔  ہائر ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق بعد ازاں اگست‘ ستمبر‘ اکتوبر‘ نومبر‘ دسمبر 2015ء سمیت جولائی 2016ء میں بھی انہوں  نے  بطور وائس چانسلر جوائننگ نہیں دی۔ ذرائع کے مطابق جب انہیں  فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا  گیا تو  انہوں نے فروری 2016ء  جوائننگ دیدی ۔  ڈاکٹر خلیق احمد نے جوائننگ دینے کے ساتھ ہی 120 دن کی چھٹی اپلائی کر دی جسے محکمہ نے منظور کرنے سے انکار کر دیا ۔اس دوران ڈاکٹر خلیق احمد بیرون ملک چلے  گئے۔ گورنر پنجاب نے 2 بار  ڈاکٹر خلیق کو ذاتی شنوائی کا موقع دیا لیکن وہ گورنر پنجاب اور محکمہ ہائر ایجوکیشن کو مطمئن نہیں کرسکے جس کے بعد گورنر  کی منظوری کے بعد ڈاکٹر خلیق کو برطرف کر دیا گیا ۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن عرفان علی نے بتایا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار کسی وائس چانسلر کو نوکری سے برطرف کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسپلن پر کوئی کمپرو مائز نہیں کیا جائیگا جو بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کریگا اس کیخلا ف کارروائی ہو گی ۔ 
تازہ ترین