بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی کے ہیرو منوج کمار نے 1981 کی فلم کرانتی کے رائٹرز (فلم کے لکھاری) کا کریڈٹ انکے والد سلیم خان اور شاعر و گیت نگار جاوید اختر سے لیکر اپنے نام کرنا چاہتے تھے۔
سلمان خان نے یہ بات حال ہی میں اپنی آئندہ آنیوالی فلم ’اینگری ینگ مین‘ کے ٹریلر کی نقاب کشائی کے موقع پر کیا۔
تقریب میں انکے والد سلیم خان، جاوید اختر، فرحان اختر اور زویا اختر بھی موجود تھے، اس دوران جاوید اختر نے بھی اس معاملے پر کھل کر گفتگو کی۔
اس موقع پر صحافیوں کے ساتھ سوال و جواب کے سیشن کے دوران سلمان خان نے بتایا کہ اینگری ینگ مین 20 اگست کو پریمیئر ہوگی۔
بعدازاں سلمان خان کی جانب سے کرانتی کے بارے میں پوچھنے پر جاوید اختر کے بیٹے فرحان اختر نے سلم جاوید موویز کے بارے میں کہا، فلم کرانتی کو وہ 300 سے زیادہ بار دیکھ چکے ہیں۔
سلمان خان نے کہا میں صرف منوج کمار کے ساتھ ایک انٹرویو کرنا چاہتا ہوں، منوج کمار نے سلیم جاوید سے فلم کی تحریر کا کریڈٹ چھین کر اپنے نام کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ یہ انھوں نے لکھی ہے۔
اس موقع پر فرحان نے سلمان خان سے پوچھا کیا ایسا ہے؟ اگر ایسا ہے تو پھر ہم ایک الگ ڈاکومینٹری منوج جی کے لیے بنائیں گے۔
سلمان خان کے بیان پر جاوید اختر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا وہ سمجھتے ہیں کہ یہ سلمان کی بڑی ایمانداری والی بات ہے کہ انھوں نے یہ بات بتائی۔ جس پر سلمان نے کہا کہ یہ حقیقت ہے۔
یاد رہے کہ فلم کرانتی کی ہدایتکاری کے ساتھ منوج کمار نے اس فلم میں اداکاری بھی کی تھی۔