اسلام آباد (نمائندہجنگ) وزارت خارجہ نے بھارت میں جوہری اور تابکاری مواد کی چوری اور اس کی غیر قانونی فروخت پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت سے کیلیفورنیم مواد برآمدگی پر جواب طلبی کرے، ایسامواد غلط ہاتھوں میں جانا انتہائی خطرناک ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے گزشتہ روز بھارت میں ریڈیو ایکٹیو مواد کیلیفورنیم کے ساتھ ایک گینگ کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں چند افراد پر مشتمل گینگ سے شدید ریڈیو ایکٹیو اور زہریلا مواد کیلیفورنیم برآمد ہوا ہے۔ تابکاری اور زہریلے مواد کی مالیت 10کروڑ امریکی ڈالر ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت میں 2021میں کیلیفورنیم کی چوری کے 3واقعات رپورٹ ہوئے تھے، بھارت میں 5افراد کے ایک گروہ سے مبینہ طور پر بھابھا ایٹمی ریسرچ سینٹر سے چرائی ہوئی ریڈیو ایکٹیو ڈیوائس بھی برآمد ہوئی، یہ مسلسل ہونے والے واقعات نئی دہلی کی سکیورٹی سے متعلق سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔