وزیرِ اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے، یہ ہر کشمیری کی آواز ہے۔
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے 78 ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں پاکستان کا یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
چوہدری انوارالحق کا کہنا ہے کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کا دل ایک ساتھ دھڑکتا ہے۔
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان پوری عالم اسلام کی نگاہوں کا مرکز ہے، پاکستان ہی بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
یاد رہے کہ آج ملک بھر میں پاکستان کا 78 واں یومِ آزادی کا جشن منایا جا رہا ہے، ہر طرف سبز پرچموں کی بہار ہے۔
گزشتہ رات 12 بجتے ہی کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
مختلف شہروں میں یومِ آزادی کا جشن منانے کے لیے شہری سڑکوں پر نکل آئے، جگہ جگہ جشن آزادی پر ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
مینارِ پاکستان لاہور پر فائر ورکس دیکھنے کے لیے ہزاروں شہری جمع ہوئے، اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں بھی جشن آزادی منایا جا رہا ہے، پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم بھی ایف نائن پارک پہنچے۔
کراچی میں پورٹ گرینڈ اور گورنر ہاؤس میں آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد پہنچی۔