بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف اداکار راج پال یادیو کی جانب سے قرضے کی عدم ادائیگی پر ان کی جائیداد ضبط کر لی گئی۔
بھارتی میڈیا سائٹ ’بالی ووڈ ہنگامہ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بلاک بسٹر فلم ’بھول بھلیاں‘ کے اداکار راج پال یادیو شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اداکار کی شاہجہاں پور میں واقع جائیداد کو سینٹرل بینک آف انڈیا کی جانب سے سیل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کامیڈین و اداکار راج پال یادیو نے اپنے پروڈکشن ہاؤس ’شری نورنگ گوداوری انٹرٹینمنٹ لمیٹڈ‘ کے لیے بینک سے قرض حاصل کیا تھا۔
اداکار نے قرض کے حصول کے لیے شاہجہاں پور میں واقع اپنی جائیداد گروی رکھوائی تھی، قرض کی عدم ادائیگی پر بینک نے 8 اگست کو راجپال یادیو کی جائیداد سیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راجپال یادیو کا قرض11 کروڑ (بھارتی روپوں) تک پہنچ چکا ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا یہ بھی رپورٹ کر رہا ہے کہ بینک اور اداکار دونوں ہی کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔