روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بچوں کے ایک مشہور روسی کارٹون میں خصوصی انٹری دی اور بولنے والی بلی اور کتے کے ہمراہ اپنی قوم کو نئے سال کا پیغام بھی دیا۔
اس شو کو اپنا نام دینے والے افسانوی گاؤں پروسٹوکواشینو کے رہائشی پیوٹن کو کتے اور بلی کے ہمراہ نئے سال کا پیغام دیتے دیکھ کر حیران رہ گئے۔
ماسکو میں پروسٹوکواشینو تھیم پارک میں اپنے بچوں کے ساتھ آنے والے بالغ افراد نے کارٹون میں روسی صدر کی خصوصی انٹری پر مثبت ردِعمل کا اظہار کیا۔
مرینا نامی ایک خاتون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کارٹون میں کچھ بھی ہو سکتا ہے تو پیوٹن کی خصوصی انٹری بھی ہوسکتی ہے۔
ایک اور شخص نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ بچے پیوٹن کو جانتے ہیں اس لیے انہیں کارٹون میں دیکھنا شاید ان کے لیے اہم اور دلچسپ ہے بلکہ یہ غیر ملکی ناظرین کے لیے بھی دلچسپ ہو سکتا ہے۔
سویوزملتفلم اسٹوڈیو کے بورڈ کی سربراہ یولیانا سلاشیوا نے شو میں روسی صدر کی خصوصی انٹری کروانے کا فیصلہ گزشتہ سال کیا تھا۔
اُنہوں نے اپنے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ روس اپنے کارٹون سابق کمیونسٹ اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کو فروخت کرتا ہے اور چین میں اپنی موجودگی کو بڑھانا چاہتا ہے۔
یولیانا سلاشیوا نے کہا کہ پروسٹوکواشینو میں پیوٹن کی خصوصی انٹری بطور ’سافٹ پاور‘ استعمال ہوگی جو ملک اور اس کی ثقافت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔