پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ و میزبان زینب قیوم نے اپنے آن اسکرین سابق ہیروز کی ماں کا کردار ادا کرنے پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کردار کرنا مشکل ہوتا ہے۔
حال ہی میں زینب قیوم نے پی ٹی وی ہوم کے ٹاک شو میں بطور مہمان شرکت کی۔ پروگرام کے دوران انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آن اسکرین سابق ہیروز کی ماں کے کردار ادا کرنے کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی۔
دورانِ گفتگو اداکارہ نے کہا کہ لوگ اکثر مجھ سے سوال کرتے ہیں کہ کیا میں اتنی لالچی ہوں کہ فیصل قریشی یا ہمایوں سعید جیسے اداکاروں کی ماں کا کردار قبول کر لیتی ہوں؟ یا پھر میں کام کے انتخاب کا معیار کیا رکھتی ہوں؟۔
زینب قیوم کے مطابق بہت کم لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اپنے ماضی کے آن اسکرین ہیروز کی ماں کا کردار نبھانا کس قدر مشکل اور چیلنجنگ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداکاری میرا شوق اور جنون ہے، اور میں ہر سین اس جذبے کے ساتھ ادا کرتی ہوں جیسے یہ میرا پہلا یا آخری سین ہو۔
انہوں نے کہا کہ میں اس بات پر شکر گزار ہوں کہ مجھے اس کام کا معاوضہ ملتا ہے جو میرا پیشن ہے اور یہ میرے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔
اداکارہ کے مطابق میں کردار کے انتخاب میں بنیادی طور پر پروڈکشن ہاؤس اور ہدایت کار کو ترجیح دیتی ہوں، کیونکہ یہ امتزاج ہی بہترین نتائج سامنے لاتے ہیں۔
واضح رہے کہ زینب قیوم نے تقریباً 7 سال قبل جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل خلش میں اداکار فیصل قریشی کی والدہ کا کردار ادا کیا تھا۔
زی کیو کے نام سے شہرت رکھنے والی اداکارہ کے قابلِ ذکر ڈراموں میں خلش، محبت چھوڑ دی میں نے، کالا ڈوریا، انتقام، ریاست، سرکار صاحب، یہ زندگی ہے، جلیبیاں، محبت اب نہیں ہوگی، خمار، آنگن، پھر وہی محبت، برنس روڈ کے رومیو اینڈ جولیٹ اور خوشبو میں بسے خط شامل ہیں۔
حالیہ دنوں میں انہیں جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ڈائن میں اپنی شاندار اداکاری پر ناظرین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔