• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی کی پیشکش ملنے پر لڑکیاں یوں خوش ہوتی ہیں جیسے وہ زمین پر بوجھ ہوں: بشریٰ انصاری

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہر فن مولا اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ میں نے مشاہدہ کیا ہے کہ عام طور پر لڑکیاں اس خیال سے ہی خوش ہو جاتی ہیں کوئی ان سے محبت کرتا ہے۔ لڑکیاں، بشمول میں خود، محبت میں جلد مبتلا ہو جاتی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں دھوکے ملنے کے رجحان میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

حال ہی میں بشریٰ انصاری نے اپنی روزمرہ یوٹیوب وی لاگ میں نوجوان لڑکیوں اور خواتین کو شادی کے رشتوں کے نام پر آسانی سے دھوکا دیے جانے کے رجحان پر کھل کر بات کی۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں نے یہ رجحان بھارتی اور انگریزی فلموں میں بھی دیکھا ہے کہ اگر لڑکا اور لڑکی کسی رشتے، دوستی یا تعلق میں ہوں اور لڑکا شادی کی پیشکش کر دے تو لڑکی خوشی سے حیران و پریشان ہو جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر لڑکا انگوٹھی دے دے تو لڑکی کی خوشی کی انتہا نہیں رہتی۔

بشریٰ انصاری نے سوال اٹھایا کہ آخر اس ذہنیت کی وجہ کیا ہے؟ ان کے مطابق یہ بات خوش آئند ہے کہ کوئی آپ سے شادی کرنا چاہتا ہے، مگر صرف ایک رشتہ آ جانا شادی کے لیے کافی نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سوسائٹی میں لڑکیوں کے لیے شادی کی پیشکش مل جانا زندگی کی سب سے بڑی کامیابی اور مقصد بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے ایسی لڑکیوں سے سوال کیا کہ کیا وہ کسی پر بوجھ ہیں یا کسی طرح کم تر ہیں کہ محض کوئی رشتہ آ جانا اتنی بڑی کامیابی سمجھا جائے؟

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ یہ سوچ ہمارے معاشرتی رویّوں کا نتیجہ ہے، جہاں لڑکیاں یوں خوش ہوتی ہیں جیسے وہ زمین پر بوجھ ہوں اور اب کسی نے انہیں قبول کر لیا ہو۔

انہوں نے زور دیا کہ لڑکیوں کو چاہیے کہ شادی کے جال میں پھنسنے کے بجائے مردوں کی اصل خوبیوں اور کردار کو پرکھیں، مگر افسوس کہ رشتہ آتے ہی کئی اہم باتیں نظر انداز کر دی جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں بغاوت کی ترغیب نہیں دے رہی، بلکہ صرف یہ چاہتی ہوں کہ لڑکیاں سوچیں اور آئندہ زیادہ محتاط رہیں، کیونکہ لڑکیوں میں عمومی طور پر شادی کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، یہاں تک کہ وہ یہ کہنے لگتی ہیں کہ ’اس میں کئی خراب عادتیں ہیں، مگر اس نے مجھے رشتہ تو دیا ہے‘، جو ایک تشویشناک رویہ ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید