امریکا نے اسرائیل کو 20 ارب ڈالرز کے لڑاکا طیاروں اور دیگر فوجی ساز و سامان فروخت کی منظوری دے دی۔
پینٹاگون کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے تقریباً 19 ارب ڈالرز مالیت کے ایف 15 جیٹ طیارے، 774 ملین ڈالرز مالیت کے ٹینک کارتوس، 60 ملین ڈالرز سے زائد مالیت کے دھماکا خیز مارٹر کارتوس اور 583 ملین ڈالرز مالیت کی فوجی گاڑیوں کی فروخت کی منظوری دی ہے۔
امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ایف 15 طیاروں کی فراہمی 2029ء میں شروع ہو جائے گی، اسرائیل کے موجودہ بیڑے کو اَپ گریڈ کر کے اس میں ریڈار اور محفوظ مواصلاتی آلات شامل کیے جائیں گے۔
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ایف 15 طیاروں پر اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ یہ امریکی قومی مفادات کے لیے ضروری ہے کہ وہ اسرائیل کی مضبوط اور دفاعی صلاحیت کو تیار کرنے اور اسے برقرار رکھنے میں مدد کرے۔
دوسری جانب اسرائیل کے وزیرِ دفاع نے امریکی حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔