لبنان کیلئے امریکا کے نمائندہ خصوصی آموس ہکشتائن نے کہا کہ وقت کے ساتھ خطے میں کشیدگی پھیل رہی ہے جسے روکنے کی ضرورت ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق بیروت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے مل کر کوشش کرنی ہوگی۔
امریکی نمائندہ خصوصی برائے لبنان نے مزید کہا کہ مذاکرات کی کامیابی سے اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی میں کمی ہوسکتی ہے۔
انھوں نے کہا خطے میں کشیدگی طول دینے سے جنگ کا دائرہ وسیع تر ہوتا جائے گا۔ آموس ہکشتائن نے کہا کہ امید ہے غزہ میں جنگ بندی سے خطے میں پھیلتی ہوئی کشیدگی پر قابو پالیا جائے گا۔
انہوں نے کہا گزشتہ عرصے میں حزب اللّٰہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا، لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔
آموس ہکشتائن نے کہا اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان براہِ راست جنگ کو ٹالا جاسکتا ہے، سفارتی کوششوں سے لبنان اسرائیل کشیدگی روکی جاسکتی ہے۔