• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز: پاکستانی سفارت خانے میں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد

فوٹو بشکریہ سفارتخانہ پاکستان برسلز / ایکس
فوٹو بشکریہ سفارتخانہ پاکستان برسلز / ایکس

سفارت خانہ پاکستان برسلز میں پاکستان کا یوم آزادی بھرپور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا۔

پاکستانی سفارت خانے میں ہونے والی تقریب میں یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا۔

تقریب میں صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، ان پیغامات میں ملکی قیادت نے پاکستان کے بانیوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے ترقی پسند، پُرامن اور خوشحال پاکستان کےلیے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کےلیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔

سفیر پاکستان آمنہ بلوچ نے اپنے خطاب میں قائداعظم اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی لازوال میراث کی عکاسی کرتے ہوئے یوم آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے آج کی دنیا میں ان کے وژن کی مطابقت پر زور دیا اور ایک مضبوط قوم کی تعمیر کےلیے اتحاد، محنت اور لگن کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سفیر پاکستان نے بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے تعاون کو بھی سراہا اور یورپ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کا اعتراف کیا۔

تقریب کے ایک حصے کے طور پر سفارت خانے نے آموں کے ایک میلے کی میزبانی بھی کی جس میں آموں کی مختلف اقسام کی نمائش کی گئی اور پاکستان کے عالمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔

اس تقریب نے ناصرف ملک کی آزادی کا جشن منانے کےلیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا بلکہ ایک ثقافتی پل کا بھی کام کیا جس سے پاکستان کی خوبصورتی کو بین الاقوامی سامعین تک پہنچایا گیا۔

فوٹو بشکریہ سفارتخانہ پاکستان برسلز / ایکس
فوٹو بشکریہ سفارتخانہ پاکستان برسلز / ایکس

یوم آزادی کی اس تقریب میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی جن میں بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، مقامی معززین، سفارت کار اور صحافی شامل تھے۔

یوم آزادی کا یہ جشن پاکستانی کمیونٹی کے اندر اتحاد اور ثقافتی تنوع کا حقیقی عکاس تھا جس میں خاندانوں، خواتین، بچوں اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔

 تقریب کے بعد حاضرین کی حلوہ پوری اور روایتی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی جسے حاضرین نے خوب پسند کیا۔

فوٹو بشکریہ سفارتخانہ پاکستان برسلز / ایکس
فوٹو بشکریہ سفارتخانہ پاکستان برسلز / ایکس

قومی خبریں سے مزید