ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان کا 78واں یوم آزادی روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔
ترکیہ میں متعین سفیرِ پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید نے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمانوں کے سامنے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
پاکستانی رہنماؤں نے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے نظریے سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستانی قیادت نے بنیادی حق خودارادیت سے محروم رکھے جانے والے بھارت کے غیر قانونی طور پر قبضہ کیے گئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے ان کے جائز حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔
سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے خاص طور پر ترکیہ میں مقیم پاکستانی کیمیونٹی کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 240 ملین سے زائد آبادی والے ترقی پذیر ملک کے شہریوں نے سائنس سے لے کر کھیلوں تک، کاروبار سے لے کر انسانی خدمات تک زندگی کے تمام شعبوں میں شاندار کامیابیاں سمیٹیں ہیں اور پاکستانیوں نے ہر میدان میں اپنی پہچان چھوڑی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کےلیے جیولین تھرو میں ارشد ندیم کی تاریخی فتح پاکستان کے پاس موجود قدرتی وسائل اور انسانی صلاحیتوں کی تازہ ترین مثال ہے۔ ان کی فتح، لگن اور محنت کے ذریعے بروئے کار لائے جا سکنے والی لامحدود صلاحیت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج ہمیں پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پوری لگن، محنت اور عزم کے ساتھ کام جاری رکھنے کا عہد کرنا چاہیے۔
ترکیہ کی ترقی میں پاکستانیوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے کہا کہ برادر ملک ترکیہ کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، دوطرفہ تعلقات کی اصل طاقت دونوں ممالک کے عوام اور خاص کر پاکستانی تارکینِ وطن ہیں۔ پاکستان کے ان حقیقی سفیروں کو پاکستان اور ترکیہ کی مثالی دوستی کو مزید گہرا کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے۔
انہوں نے کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔
سفیرِ پاکستان نے مبارکباد کے پیغامات بھیجنے اور یوم آزادی کی خوشی میں ترکیہ کی علامتی عمارتوں کو پاکستانی پرچم کے رنگوں سے روشن کرنے پر ترک قوم اور اس کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔
آج شام انقرہ کی علامت اور شہر کے بلند ترین ٹاور اتاکولے پر پاکستان، ترکیہ بھائی چارے اور یکجہتی کے پیغامات کی روشنیوں سے عکاسی کی جائے گی۔
اس کے ساتھ باسفورس پر ایشیا کو یورپ سے ملانے والے تاریخی پلوں کو پاکستانی پرچم کے رنگوں سے روشن کیا جائے گا۔