میئر سکھر اور سندھ حکومت کے ترجمان ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ سکھر میں پاکستان کی 77 سالہ تاریخ کی تیز ترین برسات ہوئی ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں ارسلان شیخ نے کہا کہ سکھر میں موجودہ صدی کی سب سے تیز بارش ریکارڈ کی گئی، 290 ملی میٹر تک بارش ہوچکی۔
ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ 2022ء میں 12 روز میں 374 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، موجودہ اسپیل میں صرف ایک روز میں 290 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 80 فیصد علاقے سے نکاسی کا عمل مکمل کرلیا، 20 فیصد پر بھی کام جاری ہے، معمولات زندگی جلد بحال ہوجائیں گے۔
میئر سکھر نے کہا کہ وینز ویلا میں ایک روز میں 400 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ترقی یافتہ شہر ہونے کے باوجود قدرتی آفت سے شہر محفوظ نہ رہ سکا، سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہوگیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے امتحان ہے، پیشگی انتظامات کی وجہ سے چند گھنٹوں میں برساتی پانی کی نکاسی کا عمل ممکن ہوا۔
ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن، ہیوی جنریٹرز کی تنصیب اور ٹرانسفارمز کے ایشوز سمیت نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ مشینری کی تنصیب قبل از وقت کرلی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تسلیم کرتے ہیں 100 فیصد نتائج حاصل نہیں کیے لیکن نسبتاََ بہتری آئی ہے۔ جن علاقوں میں کشتیاں چلا کرتی تھیں، آج ان علاقوں میں وہ صورتحال نہیں، شہری خود شہر کا دورہ کریں اور صورتحال کا جائزہ لیں۔
میئر سکھر نے کہا کہ 80 فیصد علاقے کلیئر ہیں، باقی علاقوں میں ایک فٹ پانی جمع ہونے کی شکایت ہے، جس کی جلد نکاسی کا عمل مکمل کرلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ ہر وقت الرٹ ہے، معمولات زندگی بحال کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، شہر کلیئر کر کے جلد شہریوں کو خوشخبری دیں گے۔