امریکا کو 20 سال سے مطلوب انتہائی خطرناک مجرم پڑوسی ملک میکسیکو میں پولیس افسر نکلا، جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق انتونیو ریانو، امریکا میں تقریباً دو دہائیوں قبل ہوئے فائرنگ کے واقعے میں مطلوب تھا حال ہی میں میکسیکو میں ایک پولیس افسر کے طور پر کام کرتا ہوا پکڑا گیا۔
دسمبر 2004 میں کرسمس سے چار روز قبل انتونیو ریانو کا سنسناٹی کے ایک بار میں ایک 25 سالہ شخص کے ساتھ جھگڑا ہوا، دونوں جھگڑتے ہوئے بار سے باہر نکلے جہاں انتونیو نے اس شخص کو چہرے پر گولی مار کر ہلاک کردیا۔ تمام واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔
اس واقعے کے بعد قتل کا مجرم امریکا سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا اور بعد میں اس نے اپنا نام بدل کر ال دیابلو رکھ لیا۔
حالیہ دنوں میں، ایک تفتیشی افسر نے سوشل میڈیا کے ذریعے ریانو کا سراغ لگایا، جو اب میکسیکو کی ریاست اوآکساکا میں ایک پولیس افسر کے طور پر کام کر رہا تھا۔
امریکی تفتیش کاروں نے میکسیکو کے حکام سے رابطہ کیا جنہوں نے تصدیق کی کہ ریانو واقعی پولیس ڈپارٹمنٹ میں کام کر رہا ہے۔ میکسیکو نے ریانو کو گرفتار کر کے امریکی حکام کے حوالے کر دیا جہاں اسے اوہائیو لایا گیا اور اس پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا، جس کی سزا عمر قید ہو سکتی ہے۔