کینیا میں 95 سالہ شخص نے 6 دہائیوں بعد اپنی محبت سے شادی کر لی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 95 سالہ آدمی ابراہیم مبوگو نے 90 سالہ خاتون تبیتھا وانگوئی سے اتوار کے روز کینیا کے دارالحکومت نیروبی سے 3 گھنٹے کی مسافت پر واقع قصبے مکوروینی کے ایک چرچ میں شادی کی ہے۔
ابراہیم مبوگو نے چرچ کے باہر مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں اور تبیتھا وانگوئی پہلی بار 1960ء میں ملے تھے اور تبھی ہمیں ایک دوسرے سے محبت ہو گئی تھی۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ ہم اپنی کیکویو روایات کے مطابق قانونی طور پر شادی شدہ ہیں مگر ہم عیسائی ہیں اس لیے ہم نے سوچا کے ہمیں اپنی شادی کی رسم چرچ میں بھی ادا کرنی چاہیے۔
دوسری جانب تبیتھا وانگوئی نے میڈیا کو اپنی خوش گوار شادی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ خواتین کو اپنے شوہروں کا احترام کرنا چاہیے، اگر وہ ایسا کریں گی تو وہ بھی اپنے شوہروں کے ساتھ میری طرح خوش رہیں گی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ خواتین کوئی غلط کام نہ کریں اور اگر کبھی کوئی غلطی ہو جائے تو اُنہیں معافی مانگ لینی چاہیے۔
ابراہیم مبوگو نے اپنے زندگی کے اس خاص دن کے موقع پر سرمئی رنگ کے کوٹ سوٹ کے ساتھ سلور ٹائی کا انتخاب کیا جبکہ تبیتھا وانگوئی نے سفید رنگ کے لباس کے اوپر کریم بروکیڈ جیکٹ کے ساتھ سفید ٹوپی پہنی۔