راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانیٔ پاکستان تحریکِ انصاف سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست محدود کر دی گئی۔
جیل کے ذرائع کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی سے آج اڈیالہ جیل میں پارٹی کے 3 افراد کو ملاقات کی اجازت ہو گی، ملاقات کرنے والوں میں نعیم پنجوتھہ، خالد شفیق اور نصیر الدین نیّر شامل ہیں۔
جیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظار پنجوتھہ، شوکت بسرا اور خرم وِرک کو بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی۔
یاد رہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی جیل میں مبینہ سہولت کاری کے الزام میں 3 خواتین کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے مزید 6 جیل ملازمین کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی۔
حراست میں لیے گئے جیل ملازمین میں 3 خواتین بھی شامل ہیں، ملازمین میں 1 سوئپر، 2 لیڈی وارڈنز اور سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی کرنے والے 3 اہلکار بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے ملازمین کے موبائل فون قبضے میں لے لیے گئے، خواتین اسٹاف جیل میں بشریٰ بی بی اور بانیٔ پی ٹی آئی کے درمیان پیغام رسانی کرتا تھا۔