• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کولکتہ ڈاکٹر ریپ، قتل: ملزم کی ساس کا بھی سزائے موت کا مطالبہ

کولکتہ میں زیر تربیت ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کے معاملے کی تحقیقات اور احتجاج کے دوران، ملزم سنجے رائے کی ساس درگا دیوی نے مزید لوگوں کے شامل ہونے کا اشارہ دے دیا جبکہ داماد کو سزائے موت دینے کا بھی مطالبہ کردیا۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملزم سنجے رائے کی ساس کا کہنا تھا کہ اس گھناؤنے جرم میں مزید لوگ ملوث ہوسکتے ہیں کیونکہ ان کے مطابق سنجے یہ سب اکیلے نہیں کرسکتا۔ 

درگا دیوی نے اپنی بیٹی کے ساتھ داماد کے رویے سے متعلق بھی بتایا اور کہا کہ دونوں میاں بیوی کا رشتہ بھی ہمیشہ تناؤ کا شکار رہا اور یہی وجہ ہے کہ بیٹی کے ساتھ مار پیٹ کرنے پر داماد کے خلاف پولیس میں درخواست بھی جمع کروائی تھی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ "سنجے اچھا آدمی نہیں ہے۔ اسے پھانسی دو یا جو کرنا ہے کرو۔ میں جرم کے بارے میں بات نہیں کروں گی، لیکن وہ اکیلا یہ کام نہیں کر سکتا تھا۔"

خیال رہے کہ 9 اگست کو کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اسپتال میں 31 سالہ پوسٹ گریجویٹ تربیتی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کا واقعہ پیش آیا، وہ اسپتال کے سیمینار ہال میں چہرے پر زخموں کے ساتھ مردہ پائی گئی تھیں۔

واقعے کے ایک روز بعد پولیس نے خاتون ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کے الزام میں سنجے رائے کو گرفتار کیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید