• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی سیاحوں کو صوبے میں داخلے سے روکنے پر گورنر کے پی کا اظہار برہمی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چینی سیاحوں کو خیبر پختونخوا میں داخلے سے روکنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اس عمل میں ملوث ہے یہ صوبہ دشمنی نہیں ملک دشمنی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف روز اول سے پاک چین تعلقات کو تباہ کرنے کے درپے ہے جو جماعت دہشت گردوں کو آباد کرتی ہے اور چینی سیاحوں کو روکتی ہے اس کی ملک دشمنی شک سے بالا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اپنے قائد اور اس کے آقاؤں کے اشاروں پر پاک چین دوستی کو متاثر کرنے میں مصروف ہے۔

واضح رہے کہ سائیکلوں پر پاکستان اور افغانستان کا دورہ کرنے والے 4 چینی سیاحوں کو خیبر پختونخوا میں داخلے سے روک دیا گیا۔

اٹک پولیس نے چینی سیاحوں کو اٹک خورد چیک پوسٹ تک پہنچایا، جہاں خیبر پختونخوا پولیس نے انہیں داخلے سے روکا۔

پولیس کا موقف تھا کہ داخلے کے لیے مہمانوں کے پاس این او سی نہیں، جس پر چاروں سیاح واپس پنجاب کی طرف روانہ ہوگئے۔

قومی خبریں سے مزید