ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں چند دن موسم خوش گوار رہنے کے بعد آج سے درجۂ حرارت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میٹرولوجسٹ انجم نذیر کے مطابق گزشتہ دنوں شہرِ قائد میں خوش گوار رہنے والے موسم میں آج سے تبدیلی کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج سے کراچی درجۂ حرارت بڑھ سکتا ہے جس کی وجہ سے آئندہ چند روز درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہے جبکہ آئندہ چند روز میں صبح سویرے اور رات میں بوندا باندی یا ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
میٹرولوجسٹ انجم نذیر نے مزید بتایا ہے کہ اس دوران شہر میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی، 26 اگست سے مون سون کا ایک اور سسٹم سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے جس کے باعث 27 اگست سے کراچی میں بارش کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سسٹم سے کتنی شدت کی بارش ہو سکتی ہے؟ اس کی پیش گوئی آئندہ دنوں میں کی جا سکے گی جبکہ ستمبر کے آخر تک 2 سے 3 مون سون سسٹم سندھ پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
شہرِ قائد میں مغرب کی سمت سے چلنے والی ہوا کی رفتار 18 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جس میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔