پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے کی کال کے معاملے پر پولیس نے فیض آباد اور ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کر دیا۔
اس کے علاوہ ڈبل روڈ اور 26 نمبر چورنگی کو بھی پولیس نے مکمل سیل کر دیا گیا، جس کے باعث راستوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
روات ٹی چوک کے مقام پر اسلام آباد اور راولپنڈی کا داخلی راستہ کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں احتجاج کے پیشِ نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر کے ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا۔
اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز رکھ دیے گئے اور ڈی چوک بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا، ریڈ زون میں داخلے کے لیے صرف مارگلہ ایوینو کھلا ہوا ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے جبکہ فراہم کردہ متبادل راستوں پر راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر راولپنڈی میں 24 اگست تک دفعہ 144 نافذ ہے اور انتظامیہ نے شہر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے جاری کردہ این او سی بھی منسوخ کر دیا ہے۔