رحیم یار خان کے علاقے کچہ ماچھکہ میں پولیس پر ہوئے حملے کا مرکزی ملزم بشیر شر ہلاک ہو گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس مقابلے میں ڈاکو نصیر اور گدی کوش عرف مینا شدید زخمی ہوئے ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پولیس پر حملے کے بعد کیے جانے والے آپریشنز میں مزید 3 ڈاکو شدید زخمی ہوئے ہیں، جس کے بعد ان آپریشنز میں زخمی ڈاکوؤں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔
زخمی ڈاکوؤں میں ثناء اللّٰہ شر، گدا علی، کملو شر، رمضان شر اور گدی شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ڈاکوؤں کے قلع قمع کے لیے آپریشن جاری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس پر حملے میں ملوث تمام ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ رحیم یار خان کے کچے کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں کے پولیس کی 2 گاڑیوں پر حملے کے نتیجے میں شہید اہلکاروں کی تعداد 12 ہو گئی۔
ڈاکوؤں نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ راکٹ بھی داغ دیے تھے، حملے میں 6 اہل کار زخمی ہو گئے جبکہ 5 اہل کار لاپتہ ہوئے تھے جنہیں بعد میں ریسکیو کر لیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق حملے میں ملوث ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے پولیس آپریشن جاری رہے گا۔
دوسری جانب سندھ کے علاقے پڈ عیدن میں کنڈیارو کے قریب ریگیولیٹر موری کے مقام پر مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو یاسر شر عرف صابر کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ڈاکو سے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے جس کے 2 ڈاکو ساتھی فرار ہوگئے۔
پڈعیدن پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو شہید اہلکارنور محمد لاشاری اور عظیم جانوری قتل کیس میں مطلوب تھا۔